ابوجا (جیوڈیسک) نائیجریا میں شدت پسند تنظیم بوکوحرام نے گاؤں پر حملہ کردیا جس میں فائرنگ اور گھروں کو نذر آتش کرنے سے 18 خواتین ہلاک ہوگئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے شمال مشرقی گاؤں میں نماز جنازہ کے دوران شدت پسند تنظیم بوکوحرام نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 18 خواتین ہلاک ہوگئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بوکوحرام کے دہشت گردوں نے گاؤں میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور گھروں کو آگ بھی لگادی جب کہ حملے کے بعد سے اب بھی کئی خواتین لاپتا ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نائیجیریا کے گاؤں میں بوکو حرام نے متعدد بار حملہ کرکے بچوں اور خواتین سمیت کئی افراد کو قتل کیا ہے جب کہ حملوں کے دوران سیکڑوں خواتین کو یرغمال بھی بنایا گیا ہے۔