لاہور (پ ر) امامیہ چیف اسکاوٹس توقیر مہدی نے اسکاوٹس ہیڈ کوارٹر لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امسال بھی آئی ایس او پاکستان کے شعبہ اسکاوٹنگ کے زیراہتمام بھمبروٹ سیداں مری میں سالانہ مرکزی اسکائوٹنگ کیمپ کا آغاز 27 جولائی سے ہوگا جو 7 اگست تک جاری رہے گا، جس میں ملک بھر سے سینکڑوں امامیہ اسکائوٹس کی شرکت متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں اسکائوٹس، علما کرام، ٹیکنوکریٹس، سینئرز اور مرکزی عہدیدران کی کثیر تعداد بھی شرکت کرے گی، کیمپ کے انعقاد کا مقصد معاشرے میں اقدار اسلامی کو فروغ دینا ہے، تاکہ معاشرے میں بہترین افراد اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسکائوٹنگ کیمپ کا مقصد طلبا کو جسمانی ورزش کی اہمیت سے روشناس کروانا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے رونما ہونے پر ابتدائی طبی امداد اور دیگر اسکاوٹ تربیت کے علاوہ تنظیمی شعبہ جاتی امور کی انجام دہی سے متعلق معلومات کی فراہمی ہے۔
توقیر مہدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے استحکام اور تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور امن کا پیغام لیکر اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے کام کرتے رہیں گے۔