لاہور: ہوٹل سے لاپتہ ہونے والے 5 سالہ بچے کی لاش مل گئی

Lahore,

Lahore,

لاہور (جیوڈیسک) نو روز قبل تک کسے معلوم تھا کہ ہنستا کھیلتا حسنین چند لمحوں کا مہمان ہے۔ سمن آباد کے رہائشی محمد عمران کا پانچ سالہ بیٹا حسنین اپنی پھوپھو کے نکاح کی تقریب کے دوران لاپتہ ہوا۔ گھر والوں نے تقریب کے دوران کی ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج نکلوائی لیکن حسنین کے ہوٹل سے باہر نکلنے کا کوئی سراغ نہ ملا۔

زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا۔ نو روز تک ماں باپ کو بیٹے کی کوئی خبر نہ ملی۔ عمران نے بیٹے کے اغواء کا مقدمہ درج کرا دیا اور پھر اتوار کے روز ہوٹل انتظامیہ نے اپنے پارکنگ ایریا میں موجود گٹر میں ایک بچے کی لاش کی اطلاع پولیس کو دی۔

ہوٹل انتظامیہ نے گٹر کے اوپر ڈھکن کی جگہ لکڑی کا بورڈ رکھ کر اسے ڈھانپا ہوا تھا۔ پولیس نے پوچھ گچھ کے لئے ہوٹل کے چار ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی اس کے مرنے کی وجوہات سامنے آ سکتی ہیں۔

پولیس نے مقامی ہوٹل کو سیل کر دیا ہے جبکہ بچے کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی جائے گی۔