کراچی : معروف مذہبی اسکالرو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ملک کے خلاف عالمی طور پر سازشیں کی جا رہی ہیں، امریکی دوستی کے نعرے کا بھانڈ اپھوٹ چکاہے، پڑوس کی ریاستیں گٹھ جوڑ سے پاک چین راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، طور خم باڈر پر افغٖان فورسز کی فائرنگ امریکی عزائم کا پتہ دیتی ہے،ملک میں قادیانی نواز آئین کو پامال کرنے میں مصروف ہیں، حمزہ علی پر پابندی پیمرہ کا اچھا فیصلہ ہے کارروائی سب کے خلاف ہونی چاہیے ،سال بھر ناچ ، گانے اور ڈانس کرنے والوں کا رمضان میں توبہ کا درس دینا قیامت کی نشانی ہے۔
پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ملک کیخلاف اندورونی اور بیرونی سازشیں کی جارہی ہیں پاک چین راہداری منصوبے کے بعد عالمی سطح پر دشمن قوتیں وطن عزیز کیخلا ف یکجاں ہوچکی ہیں تو دوسری جانب امریکا کے اصل عزائم کا پتا بھی چل چکاہے، پڑوسی ممالک ہر گز نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو اور پاک چین راہداری منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے ، انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے افغان کٹھ پتلی حکومت کو پاکستان کیخلاف اقدامات پر اکسایا جارہاہے ، انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں کی اپنائی ہوئی تمام پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں اب حکمرانوں کو نئی خارجہ پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کیخلاف سازشوں کی ناکامی کیلئے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اگر کسی نے بھی وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی تو انشاء اللہ اہل مدارس اور علما ء اول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے دشمنوں کی آنکھیں نوچ ڈالیں گے ،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ملک میں قادیانی وسیکولر لابیوں کا گٹھ جوڑ چل رہاہے جو پاکستان کے آئین کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، انہوں نے کہاکہ قادیانی اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ماضی میں بھارت کے ساتھ ملکر قادیانی ملک کے خلاف کارروائیوں میں مصروف رہے اب عالمی طاقتوں کی سپورٹ سے دنیا میں مظلوم بننے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عام اقلیتوں اور قادیانی اقلیت میں فرق ہے قادیانی خود کومسلمان یا احمد ی کہنا چھوڑ دیں انہیں وہ تمام حقوق مل جائیں گے جو ہم اقلیتوں کو دیتے ہیں ، قادیانیوں سے زیادہ نفرت کی وجہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہے ، انہوں نے کہاکہ کسی پر بھی قادیانی ہونے کا فتویٰ لگانے سے قبل تحقیق کرنا چاہیے اور یہ فتوی بازی کا سلسلہ ریاست کے ہاتھوں میں ہونا چاہیے تاکہ ملک سے یہ کافر وہ کافر کے فتووں کا سدباب ہوجائے ، انہوں نے کہاکہ ٹی وی کے اینکر حمزہ علی عباسی پر پابندی پیمرا کا احسن اقدام ہے مگر دیگر کیخلاف بھی کارروائی کرنا پیمراکی ذمہ داری بنتی ہے۔