کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے والے سب سے پہلے کراچی کے حالات خراب کرتے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر عشرت العباد خان نے رات گئے صدر ایمپریس مارکیٹ سمیت شہر کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے شہر میں ترقیاتی کاموں سمیت سائن بورڈز ہٹانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ عشرت العباد نے کہا کراچی سمیت ملک بھر میں را کی مداخلت ہے۔ پاکستان کو نقصان پہچانے والے سب سے پہلے کراچی کے حالات خراب کرتے ہیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا شہر کے کنٹونمنٹ ایریاز سمیت مختلف علاقوں سے 80 سے زائد بل بورڈز ہٹا دیئے گئے ہیں اور تیس جون تک سائن بورڈز ہٹانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ ادھر صباح نیوز کے مطابق عدالتی حکم پر کراچی سے بل بورڈ اور سائن بورڈز اتارنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں سے ضلعی اداروں نے درجنوں غیر قانونی بل بورڈز اور سائن بورڈز اتار دئیے، ان کارروائیوں کا جائزہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے خود لیا ،میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن کے نتیجہ میں بہت زیادہ امن و امان کی صورت حال میں بہتری آئی ہے کارروائیاں مربوط انداز میں جاری ہیں۔
مون سون بارشوں کے پیش نظر اور عدالتی حکم پر عملدرآمد شروع ہوا ہے۔