واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف لابنگ نہیں کررہے اور نہ ہی حکومت کی راہ میں رکاوٹیں حائل کررہے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی جانب سے امریکا میں سابق پاکستانی سفیر کی اپنے ہی ملک کے خلاف لابنگ کے بیان پر حسین حقانی نے ٹوئٹر پر اپنے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں سرتاج عزیزنے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے میری ہی طرف اشارہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ناکام پالیسیاں بدلیں اور مجھ پر الزام نہ لگائیں۔
حسین حقانی کا کہنا تھا کہ وہ امریکا میں نہ ہی کوئی اسکالر ہیں اور نہ لابی کرتے ہیں، پاکستان کو امریکی معاملات میں جو مشکلات پیش آرہی ہیں اس کی وجہ وہ پالیسیاں ہیں جو اس نے اپنائی رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پالیسی کی ناکامی کا الزام مجھ پر لگا کر مجھے قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حسین حقانی کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ امریکا میں ایک سابق پاکستانی سفیرملک کے خلاف لابنگ کرکے ہماری مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں۔