پشاور (جیوڈیسک) پاک افغان سرحد پر گیارہ سو کلومیٹر خندق مکمل کر لی گئی ، تمام غیر قانونی راستے بند کر دیئے گئے، بارڈر پر کھودی گئی خندق 11 فٹ گہری اور 14 فٹ چوڑی ہے۔ خندق کی کھدائی کے بعد دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے تمام غیر قانونی راستے بند ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق پاک افغان بارڈر پر کھودی گئی خندق 11 فٹ گہری اور 14 فٹ چوڑی ہے ، خندق ایف سی کی نگرانی میں 3 سال کی مدت میں کھودی گئی جس پر 14 ارب روپے لاگت آئی ۔ خندق کی کھدائی سے سرحدی حدود بھی واضح ہو گئی ہیں۔
سیکورٹی حکام کا کہنا ہے پاکستان اور افغانستان کے درمیان 25 کلومیٹر طویل سرحد موجود ہے ، تمام سرحد کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لئے خندق کی مزید کھدائی جاری ہے ۔ ادھر طور خم بارڈر پر” باب دوستی” سے پیدل آمد ورفت کے لئے شناختی کارڈ لازمی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ سرحد عبور کرنے کا دورانیہ 2 گھنٹے کم کر دیا گیا ۔ اب سرحد صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک پار کی جا سکے گی۔