پیرس (جیوڈیسک) یورو کپ میں اپنی خراب کارکردگی سے پریشان پرتگالی فٹ بال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے صحافی کے سوال کا جواب دینے کے بجائے مائیک کو ہی چھین کر جھیل میں پھینک دیا۔
دلکش کھیل اور فٹ بال پر اپنی گرفت کی بدولت مخالف کھلاڑیوں کو چکرا دینے والے ممتاز پرتگالی فٹبالر کرسٹانورونالڈ کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے کیونکہ فرانس میں جاری یورو کپ میں ان کی ٹیم اچھی کاکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہی اور نہ ہی وہ کھیل دکھا پائے ہیں جو ان کا خاصا ہے، آئس لینڈ کے خلاف میچ برابر ہونے کے بعد حریف ٹیم کے کھلاڑیوں نے اسٹار فٹ بالر سے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا تھا جس کاملال یقیناً فٹ بالر کے دل میں ہوگا لیکن گزشتہ روز آسٹریا کے خلاف میچ میں پنلٹی کک پر گول کرنے کا نادر موقع ضائع کرنے پرشائقین کی شدید تنقید نے تو جلتی پر تیل کا کام کردکھایا، رونالڈو پے در پے ناکامی اور تنقید کا غصہ اب میدان کے باہر دکھا رہے ہیں۔
ان کی مایوس کن کارکردگی کے حوالے جب صحافی نے ان سے سوال کرنے کی کوشش کی تو موصوف نے جواب دینے کے بجائے صحافی کا مائیک چھین کر جھیل میں پھینک دیا جب کہ فٹ بالر کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے بھی کیمرہ مین اور صحافی کو پیچھے دھکیل دیا ۔