کراچی (جیوڈیسک) لیاقت آباد میں جائے وقوعہ کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں موٹر سائیکل پر دو افراد کو دیکھا جا سکتا ہے۔ پینٹ شرٹ میں ملبوس کیپ پہنے ہوئے شخص موٹر سائیکل چلا رہا ہے۔ پیچھے بیٹھے شخص نے شلوار قمیض پہن رکھی ہے۔ چہرہ بھی کھلا ہوا ہے۔
پولیس نے دونوں کو مشکوک قرار دے دیا۔ حکام کو شبہ ہے حملہ آور امجد صابری کے گھر سے ہی ان کے تعاقب میں تھے۔ دوسری جانب فوٹیج میں ایک مشکوک موٹر سائیکل سوار شخص کو فائرنگ کے وقت رکتے بھی دیکھا جا سکتا ہے جو فائرنگ کے مقام سے سو میٹر کے فاصلے پر موجود تھا۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ شخص حملہ آوروں کو” کور “دے رہا تھا۔ تینوں مشکو ک افراد واقعہ کے بعد حسن اسکوائر کی جانب مڑ گئے۔ ادھر تھانہ شریف آباد میں واقعہ کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جس میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
امجد صابری کے قاتلوں تک پہنچنے کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایک اور تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑ کی سربراہی میں تحقیقات کرے گی۔
ٹیم میں ایس ایس پی سنٹرل مقدس حیدر، ایس ایس پی ویسٹ پیر محمد شاہ اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن عارب مہر شامل ہیں۔