لاہور(جیوڈیسک) ریلوے اراضی پر واقع رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کو واجبات کی عدم ادائیگی پر سیل کردیا گیا۔
ریلوے پولیس نے کینال روڈ پر واقع رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کو سیل کردیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب نے ریلوے کی 42 ایکٹر اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے، کلب انتظامیہ نے اس اراضی پر غیر قانونی شادی ہالز اور مارکیٹیں بھی قائم کر رکھی ہیں، کلب کی انتظامیہ کو واجبات کی ادائیگی کے لئے متعدد بار نوٹسز بھیجے لیکن کوئی مناسب جواب نہ ملنے پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ کنٹری کلب کو سیل کر کے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی جب کہ مہمانوں کو کلب سے نکال کر ممبران کو بھی اندر جانے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کنٹری کلب کے ممبران نے اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر روڈ بلاک کردی جس سے شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ کلب ممبران کا کہنا تھا کہ ہم نے 10 لاکھ روپے دے کر ممبر شپ کرائی لیکن ہمیں اندر بھی نہیں جانے دیا جا رہا۔ سی سی پی او لاہور انیس وینس کا کہنا ہے کہ کلب انتظامیہ، مظاہرین اور ریلوے حکام کو مذاکرات کے لئے بلا لیا ہے، امید ہے کہ تمام معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کر لیں گے۔