کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوزف گل ٹائون کورنگی مسیحی کالونی کے گھروں میں سیوریج کا گندہ پانی داخل ہوگیا خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ۔واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی مسائل دور نہیں کرسکے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی سیکٹر 48ایف جوزف گل ٹائون کی سیوریج لائن گزشتہ 15دنوں سے بند پڑی ہے اور بنگالی پاڑہ کے لوگوں نے بھی سیوریج لائن پتھر ڈال کر بند کردی ہے جس کے باعث مسیحی آبادی جوزف ٹائون کے گھروں میں اور مسیحی عبادت گاہوں میں سیوریج کا پانی جمع ہے جس کی وجہ سے خواتین اور بچے جہاں مشکلات کا شکار ہیں۔
وہیں عبادت گاہ آنے جانے والوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کورنگی ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی کے ساتھ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران بھی لوگوں کے مسائل حل کرنے میں تاحال ناکام ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔