کراچی میں امن و امان کی صورت حال؛ وزیراعلیٰ سندھ کو بلاول ہاؤس طلب کرلیا گیا

Karachi,

Karachi,

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال پر غور کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر سیاسی اور سرکاری شخصیات کو طلب کرلیا ہے۔

بلاول ہاؤس کراچی میں بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اجلاس ہوگا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیر داخلہ سہیل انور سیال ، صوبائی چیف سیکریٹری اور سیکریٹری داخلہ شرکت کریں گے۔ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کو چیف جسٹس ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا اور معروف قوال امجد صابری کے قتل سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ پارٹی چیئرمین کو گزشتہ روز آرمی چیف سے ملاقات اور امن و امان سے متعلق کئے گئے فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کریں گے۔

امن و امان سے متعلق اجلاس کے بعد بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ایک اور اجلاس بھی ہوگا جس میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورت حال میں متاثر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے یکم جولائی کو پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے، جس میں پاناما لیکس کی بنیاد پر حکومت کے خلاف تحریک چلانے سے متعلق امور اور لائحہ پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔