لیہ (جیوڈیسک) لیہ پولیس کا انوکھا کارنامہ ، چھ سال پہلے وفات پانے والے شخص کے خلاف تھانہ کروڑ لعل عیسن میں پولیس ٹیم پر تشدد ، یرغمال بنائے جانے اور ڈکیتی کرنے کا مقدمہ درج ، مردے کی تلاش کے لئے چھاپے بھی جاری ۔ ضلعی پولیس لیہ کی جانب سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر گل محمد کی مدعیت میں تھانہ کروڑ لعل عیسن میں درج کئے گئے مقدمہ میں پولیس نے چھ سال قبل وفات پا جانے والے 28 سالہ نوجوان ذوالفقار پر دوران ریڈ پولیس ٹیم کو یرغمال بنائے جانے ، تشدد کرنے ، پولیس سے اسلحہ چھیننے اور ڈکیتی کرنے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے نامزد کیا ہے ۔ ذوالفقار نامی نوجوان 28جون 2010 کو وفات پاگیا تھا جس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لیا ہے ۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم ذوالفقار تحریک انصاف کے ایم پی اے عبدالمجید نیازی کے پاس بطور گن مین کام کرتا ہے جس نے ایم پی اے کے ڈیرے کے قریب پولیس ریڈ کے دوران سرکاری اہلکاروں کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور ان سے نہ صرف اسلحہ چھینا بلکہ ڈکیتی کا ارتکاب کرتے ہوئے سامان بھی چھین لیا ۔ پولیس تھانہ کروڑ لعل عیسن کی جانب سے متوفی ملزم ذوالفقار سمیت دیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جار ہے ہیں ۔ تحریک انصاف کے ایم پی اے مجید خان نیازی نے ذوالفقار نامی گن مین کے چھ سال قبل وفات پا جانے والے جبکہ متوفی کے بھائی رشید اور والد سردار نے بھی موت کی تصدیق کی ہے ۔