آستانہ (جیوڈیسک) قازقستان کے شہر آستانہ میں واقع حضرت سلطان مسجد وسطی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد ہے جس کا افتتاح دو ہزار بارہ میں ہوا۔
آستانہ میں بنی “حضرت سلطان مسجد” کا شمار وسط ایشیا کی خوبصورت مساجد میں ہوتا ہے ۔ مسجد کی پر کشش عمارت دور سے ہی لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے ۔ محل نما طرز پر بنائی گئی مسجد اسلامی فن تعمیر اور مسلمان معماروں کے کمال مہارت کا بہترین نمونہ ہے۔
مسجد کے اندرونی در و دیوار پر فیروزی اور سنہرے رنگوں کا استعمال ،باریک بینی سے کیا گیا نفیس کام ، آیات مقدسہ کی خطاطی اس کی دلکشی اور شان کا مظہر ہیں ۔ نماز کے لئے مرکزی ہال میں خوبصورت جالیوں کا کمپارٹمنٹ خواتین کے لئے مختص ہے۔
چار میناروں والی حضرت سلطان مسجد کا گنبد اکیاون میٹر بلند اور قطر اٹھائیس میٹر ہے ۔ گیارہ ہیکٹر پر پھیلی اس مسجد میں دس ہزار نمازی بیک وقت رب کائنات کے آگے سجدہ ریز ہو سکتے ہیں۔