کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کی ہدایت پر متوقع مزید برسات کے پیش نظر ضلع کورنگی میں برساتی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو دوران برسات سہولتوں کی بلا تعطل فراہمی کے لئے ضلع انتظامیہ اور بلدیہ کورنگی کا مشترکہ حکمت عملی تیار۔
برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار سومرو نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران برساتی نالوں میں آنے والے کچروں کو ہنگامی بنیادوں پر ہٹا یا جائے تاکہ دوران برسات نکاسی آب کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو نے سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی غلام سرور چاچڑ کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں گولڈن ٹائون نالے کا تفصیلی دورہ کرکے نالوں میں نکاسی آب کی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گولڈ ٹائون نالہ کی فوری صفائی کو یقینی بنا یا جائے تاکہ دوران برسات برساتی پانی علاقوں میں شاہراہوں پر موجود نہ رہ سکے اور دوران برسات عوام کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی غلام سرور چاچڑ نے ضلع کورنگی میں برساتی نالوں کی صفائی کے ھوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ قبل ازوقت نالوں کی صفائی اور برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بلدیہ کورنگی کے تحت انتظامات کی بدولت حالیہ تیز بارش کے دوران بلدیاتی سہولتو ں کی فراہمی میں تعطل نہیں آنے دیا گیا۔
انہوں نے بتا یا کہ شاہ فیصل زون میں گولڈ ٹائون نالہ او ر T&Tکمپائونڈ نالے کی صفائی کا ہنگامی بنیادوں پر صفائی جاری ہے نالوں پر قائم تجاوزات اور رکاوٹوں کی وجہ سے نالوں کی صفائی کے کاموں میں رکاوٹ حائل ہے جسے عوامی تعاون اور ضلع انتظامیہ کی مدد سے دور کرلیا جائیگا۔
انشا اللہ ضلع کورنگی کی حدود میں برساتی نالوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنا کر نکاسی آب کے نظام کو درست کرلیا جائیگا۔