لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں آج رمضان المبارک کی ستائیسویں شب انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ۔ مساجد میں محافل شبینہ ، عبادات ، ذکر و اذکار اور نعت خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ۔
شب قدر کی رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے ، اس رات قرآن پاک کا نزول ہوا ، یہ رات سلامتی والی رات ہے ۔ شب قدر کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد اور گھروں میں نمازعشا اور تراویح کے بعد اللہ تبارک و تعالیٰ کی نعمتوں، رحمتوں اور فضل کو سمیٹنے کے لئے محافل شبینہ ،جشن نزول قرآن، صلوۃ التسبیح اور دیگر نفلی عبادات کا اہتمام کیا جائے گا ۔
ملک کی بیشتر مساجد میں 27 ویں شب کے موقع پر تکمیل قرآن کی محافل کا بھی اہتمام ہو گا ۔ مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا ۔ آج کی رات مسلمان اللہ تعالی کے حضورمغفرت ، رزق میں کشادگی اور صحت کاملہ کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگیں گے ۔ دعاؤں، عبادات اور مناجات کا سلسلہ طلوع آفتاب تک جاری رہے گا ۔