پیرس (جیوڈیسک) فرانس نے یورو کپ کے آخری کوارٹر فائنل میچ میں آئس لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
فرانس میں جاری یورو کپ کے آخری کوارٹر فائنل میچ میں میزبان ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد آئس لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دی۔ پہلے ہاف میں فرانس کی جانب سے 4 گول کرکے مخالف ٹیم پر بھرپور دباؤ ڈالا گیا لیکن دوسرے ہاف میں آئس لینڈ 2 گول ہی کرسکی جب کہ فرانس نے دوسرے ہاف میں بھی مزید ایک گول کرکے برتری کو 2-5 کردیا جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔
فرانس کی جانب سے اولیور گروڈ نے میچ کے 12ویں منٹ میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کے بعد میچ کے 19ویں منٹ میں پول پوگبا نے گول داغ کرٹیم کو 0-2 کی برتری دلائی، میچ کے 42ویں منٹ میں دمتری پیوٹ، 45 ویں منٹ میں اینٹونی گرزمین اور 59ویں منٹ میں اولیور گروڈ نے میچ کا دوسرا گول داغا۔ آئس لینڈ کی جانب سے کولبن سیگتھرسن اور برکر بجرناسن نے ایک ایک گول کیا۔ فرانس آئس لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ 8 جولائی کو ایونٹ کی مضبوط ترین ٹیم جرمنی سے ہوگا۔