شوال کا چاند نظر آ گیا، عید الفطر کل ہو گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی

Mufti Muneeb ur Rehman

Mufti Muneeb ur Rehman

لاہور (جیوڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق شوال کا چاند نطر آگیا لہٰذا کل ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی۔

ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس لاہور کے ایوان اوقاف میں چیرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں ہوا جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس کراچی، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں ہوئے جن میں شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں اکٹھا کی گئیں اور اس سے مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیرمین مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ آج کا چاند بہت حساس اور نازک تھا، فنی اعتبار سے صورتحال ففٹی ففٹی تھی، یہ بہت ذمہ داری کا مسئلہ ہے جسے علما نے شرعی اعتبارسے اور ماہرین نے فنی اعتبار سے دیکھا اور جب بڑی شہادتیں آئیں جن میں ذمہ دار مناصب پر فائز لوگ شامل تھے، ان کی تمام شہادات اور حقائق کو جمع کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ شوال کا چاند نظر آگیا اور یکم شوال المکرم 1437 ہجری بروز بدھ 6 جولائی کو ہوگی۔

مفتی منیب الرحمان کے مطابق پہاڑ کوہ، ڈیرہ اسماعیل خان، تھرپارکر، گوادر، نوشہرو فیروز، حیدرآباد، جہانیاں، اکوڑہ خٹک، ژوب، میرپور خاص اور لاہور سمیت ملک کے متعدد علاقوں میں شوال کا چاند نظر آیا۔ اس موقع پر مفتی منیب الرحمان نے سعودی عرب میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی اور امت مسلمہ کے لیے دعا کی۔ چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔