پاکستان میں جمعرات کو سینما گھروں کی زینت بننے والی فلم ’سلطان‘ میں سلمان خان نے روپ دھارا ہے ہریانہ کے ایک پہلوان کا اور اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لئے کی حسب معمول جم کر محنت ۔..
کراچی — بالی وڈ کے دبنگ، سلمان خان کی روایت رہی ہے کہ وہ ہرسال عید پر اپنی نئی فلم ریلیز کرتے ہیں اور اس بار بھی جس فلم کا سب کو انتظار تھا اور ریلیز سے پہلے جس فلم کی سب سے زیادہ دھوم تھی وہ سلمان خان کی سلطان ہے جو بدھ کو پاکستان بھر میں ریلیز کردی گئی۔
پاکستان میں ’جیو فلمز‘ کے تحت جمعرات کو سینما گھروں کی زینت بننے والی فلم ’سلطان‘ میں سلمان خان نے روپ دھارا ہے ہریانہ کے ایک پہلوان کا اور اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لئے کی حسب معمول جم کر محنت جسے دیکھ کر لگتا یہی ہے کہ سلمان کی دیگر فلموں کی طرح ’سلطان‘ بھی 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگائے گی۔
’جیو فلمز‘ کے ایک عہدیدار محمد ناصر نے ’وی او اے‘ کے مطابق ’سلطان‘ کی شوٹنگ ہریانہ کے ساتھ ساتھ ہنگری اور یورپ کے دیگر ملکوں میں کی گئی، جبکہ ممبئی کے فلم سٹی اسٹوڈیو میں اولمپک گیمز، ورلڈ ریسلنگ چیمپئین شپ اور ایشین گیمز کے ایسے سیٹ تخلیق کئے گئے جن پر حقیقت کا گمان ہوتا ہے۔‘
سلمان خان کا کہنا ہے کہ’سلطان‘ کا ہر سین میرے خون، پسینے، محنت اور آنسوؤں کی ترجمانی کرتا ہے۔
’سطان‘ میں سلمان خان کی ہیروئن انوشکا شرما ہیں، جبکہ شاہ رخ خان بھی بطور مہمان اداکار نظر آئیں گے۔
فلم ڈائریکٹ کی ہے علی عباس ظفر نے اور میوزک وشال شیکھر کا ہے۔