اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاناما لیکس پر پارٹی رہنماؤں کو عید کے بعد سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومت کو کسی صورت راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔
لاہورمیں تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹریٹ میں عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں جہانگیر ترین ،اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو عید کے بعد سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکمران پاناما لیکس کے معاملے میں کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں ہم حکومت کو کسی صورت راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، آئندہ عید پر نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کو گھر بھیجنے کے لیے سب متحد ہیں لیکن حکمرانوں نے ملک کو بہت لوٹا ان کے پیٹ نہیں بھرے۔ اس موقع پر چیرمین پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں پارٹی ورکر شاہد شیرازی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
چیرمین تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ خیبرپتخونخوا پرویز خٹک کو صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شاہد شیراز کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات اٹھائے، ایپکس کمیٹی کے ذریعے صوبے میں امن و امان کے قیام اور ٹارگٹ کلنگ جیسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایاجائے جب کہ ایسے واقعات کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے کر مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔