کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چڑیا گھر میں عید کی تعطیلات مین خواتین اور بچوں کا رش رہا ،رینجرز اور پولیس ،سٹی وارڈن نے سیکورٹی فراہم کی جبکہ 8لاکھ مالیت کا مکائو کے بچوں کا جوڑا چڑیا گھر آنے والوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں عید کے پہلے دن خواتین کے داخلے پر پابندی عائد تھی دوسرے اور تیسرے دن خواتین بچوں کا رش رہا اس دوران ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر عامر رضا شجاع وقفے وقفے سے ٹکٹ گھر کا دورہ کرتے رہے تاکہ چڑیا گھر آنے والوں سے عید کے موقع پر اضافی رقم نہ لی جاسکے۔
جبکہ رینجرز ،پولیس کے ساتھ سٹی وارڈن نے چڑیا گھر آنے والوں کے لئے حفاظتی انتظامات پر مامور رہے کراچی چڑیا گھر میں کشتی رانی ،شیر ،ہاتھی کے ساتھ ساتھ مکائو کا ایک ماہ پہلے پیدا ہونے والا بچوں کا جوڑا ہیلری کوئین جو کہ اعلیٰ نسل اور8لاکھ مالیت کا قیمتی بچہ خواتین اور بچوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان نے چڑیا گھر میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران موثر حفاظتی انتظامات پر سیکورٹی اداروں سے اظہار تشکر ادا کرتے ہوئے کہاکہ بہتر حفاظتی انتظامات کی بدو لت کراچی چڑیا گھر میں عید الفطر کے تینوں دن کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔