لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا، لاہور میں کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں، بوندا باندی سے ماحول خوشگوار ہوگیا۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے حبس کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت برس گیا جس سے موسم حسین ہوگیا۔ لاہور مختلف علاقوں میں بادلوں کے ڈیرے ہیں ، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔
وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہے۔ فیصل آباد میں بھی بارش کے بعد موسم تبدیل ہوگیا حبس کا زور ٹوٹنے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ کراچی میں بھی مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔
مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی ۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔