لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عبدالستار ایدھی میرے لئے رول ماڈل تھے اور فلاحی کاموں کا جذبہ میں نے ان سے ہی سیکھا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اپنی یونی ورسٹی نمل کے لئے فنڈ ریزنگ مہم میں لندن روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی نمازہ جنازہ میں شرکت نہ کرنے پرمجھے بہت افسوس ہے، جب کینسر اسپتال بنایا توعبدالستار ایدھی ہی میر ے رول ماڈل تھے، انھیں دیکھ کر ہی میرے اندر فلاحی کاموں کا جذبہ پیدا ہوا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت پوری قوم ایدھی صاحب کے اہل خانہ اور ان کے پسماندگان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، عبدالستار ایدھی فلاح انسانیت کی اعلی مثال تھے اور ان کی خدمات ہم سب کے لئے مشعل راہ ہیں، اللہ تعالیٰ ایدھی صاحب کے اہل خانہ اور ہم سب کو ان کی رحلت کا دکھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائیں اور ایدھی صاحب کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ عمران خان 8 روزہ نجی دورے پر لندن گئے ہیں جہاں وہ نمل یونی ورسٹی کے لئے فنڈ ریزنگ کے ساتھ ساتھ نجی مصروفیات میں بھی شریک ہوں گے۔