حکومت ایف بی آر کے صوابدیدی اختیارات میں کمی‘ تاجروں کے مسائل حل کرے: لاہور چیمبر آف کامرس

FBR

FBR

لاہور (جیوڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ بینکنگ ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس، کاروباری بینکوں اکائونٹس تک رسائی، ٹیکس عملے کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے معاملات پر تاجر برادری کے حق میں فیصلہ کریں تا کہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ان مسائل نے تاجر برادری کو بے چینی میں مبتلا کررکھا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے کاروباری یکسوئی سے نہیں کر پا رہی، اگر ان معاملات پر وفاقی و پنجاب حکومتیں تاجر برادری کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کرتی ہیں تو اس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں اور تاجروں کا حکومت پر اعتماد بڑھے گا بلکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اْس سے کہیں زیادہ محاصل حاصل کرسکیں گی جن کی توقع بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس سے کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسائل حل ہونے کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ پر جو مثبت اثرات مرتب ہونگے وہ غیرملکی سرمایہ کاروںکو پاکستان کی جانب متوجہ کریں گے جو کسی بھی ملک کی معیشت کو جانچنے کے لیے سٹاک مارکیٹ کو بطور پیمانہ جانچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کاروباری برادری غیرموافق حالات میں کاروبار کررہی ہے، ایک طرف تو ٹیکس اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات، بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس اور بینک اکائونٹس تک رسائی جیسے معاملات نے تاجروں کو پریشان کررکھا ہے تو دوسری طرف پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس جیسے اقدامات مشکلات مزید بڑھا رہے ہیں۔