کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید متوقع بارش کی پیشنگوئی کے پیش نظر بلدیہ کورنگی نے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور رین ایمرجنسی انتظامات کا آغاز کردیا ۔صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کو متوقع برسات کے پیش نظر الرٹ کردیا ہے اور دوران برسات عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر دستیاب مشنری اور عملے کو آن روڈ رہنے کے ہدایت کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی تینوں زون شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون کو اپنے شکایتی مراکز فعال رکھنے اور دوران برسات علاقائی مسائل کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو نے ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بلدیہ کورنگی کے تینوں زون کی جانب سے ترتیب دیئے گئے رین ایمرجنسی انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔
میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ متوقع برسات کے پیش نظر محکمانہ سرگرمیوں کو مکمل فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ ہیلتھ سروسز کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے حوالے سے موثر اقدامات کے کرکے دوران برسات صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا ئیں اس موقع پر انہوں نے بلدیہ کورنگی کے تینوں زونز کو ہدایت کی ہے کہ دوران برسات علاقائی سطح پر عوامی مسائل کے بروقت حل کے لئے شکایتی مراکز کو فعال بنا یا جائے اور مسائل کے فوری حل کے لئے شکایتی مراکز میں موصول ہونے والی عوامی شکایات کا مکمل ریکارڈ ترتیب دیا جائے۔