لاہور (جیوڈیسک) پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو منگل کو لندن سے وطن واپس آئیں گے اور اسلام آباد پہنچتے ہی پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے حکومت مخالف صف بندی کے لئے پارٹی رہنماؤں کو بھی طلب کر لیا ہے۔
بلاول بھٹو کشمیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب اور اسلام آباد میں اہم پارٹی اجلاسوں کی صدارت کریں گے اور اس دوران مظفر آباد میں انتخابی مہم کے دوران پرتشدد واقعات پر مقامی رہنماؤں سے بریفنگ بھی لیں گے۔
بلاول بھٹو 14 جولائی کو راولا کوٹ اور 16 جولائی کو مظفر آباد میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو 21 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کے انتخابات تک اسلام آباد میں قیام کریں گے اور اس دوران اسلام آباد میں حکومت مخالف تحریک کی صف بندی کیلئے دیگررہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں انتخابات سے قبل پرتشدد واقعات پر اپنے ردعمل میں بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابات سے پہلے امیدواروں کو ہراساں کرنا ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ کے اوچھے ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف ہیں، ہم نون لیگ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔