عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لے، علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یوکے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ اپنے ایک بیان میں مقبوضہ وادی میں 20 سے زائد مظاہرین کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہا کہ وادی کی صورتحال گھمبیر ہوتی جارہی ہے اور قابض حکام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ کے تازہ ترین واقعات میں 20سے زاہد کشمیری شہید اور تین سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔علی رضاسید نے کہاکہ ماورائے عدالت قتل عام خاص طورپر مظاہرین پر حملے قابل مذمت ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسنجیدگی سے نوٹس لے۔

انھوں نے کہاکہ بڑاافسوس ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑی شدت سے جاری ہیں لیکن بھارت کو کوئی روکنے والانہیں۔مقبوضہ وادی میں قتل عام، جنسی تجاوز، جبری گم شدگی، تشدد، لوگوں پرفورسزکی فائرنگ، اظہاررائے پر قدغن اور پرامن احتجاج پر پابندی روزانہ کا معمول بن چکاہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے ان واقعات کو ایک بھیانک کاروائی اورانسان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

انھوں نے کہاکہ یہ ہتھکنڈے جموں و کشمیرکے عوام کو ان کے حق خودارادیت کے مطالبے سے نہیں روک سکتے۔ انھوں نے کشمیرکے تنازعے کے منصفانہ حل پر زوردیااور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ علی رضاسید نے حالیہ واقعات کے دوران کشمیریوں کی نظربندی اور قید کی بھی مذمت کی۔

مقبوضہ کشمیرسے موصول ہونے ایک پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ وادی میں کوئی بھی کھلم کھلاچل پھرنہیں سکتا۔ فائرنگ جاری ہے، حتیٰ ہسپتال بھی محفوظ نہیں جہاں زخمیوں کاپیچھاکیاجارہاہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے۔کئی علاقوں میں موبائل سروس اور انٹرنیٹ بند ہے۔ وادی میں جنگی جرائم ہورہے ہیں اور بھارتی فوجی ان جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے آزادکشمیرکی قیادت سے بھی اپیل کی ہے کہ اس نازک موقع پر مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکریں۔ ’’آزادکشمیرکی سیاسی قیادت بشمول حکومت اورسیاسی جماعتوں کے سربراہان کو چاہیے کہ اسمبلی کے انتخابات کی مہم میں ایک دن کا وقفہ دے کر مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام خصوصاً شہداء کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی اورہمدردی کا اظہارکریں۔پرامن احتجاج کے ذریعے اپنا پیغام دنیا تک پہنچائیں۔

کشمیرکونسل ای یو کی سرگرمیوں کے بارے میں علی رضاسید نے کہاکہ ہم عالمی برادری خصوصاً یورپین کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ ہمارا فرض ہے کہ دنیاکے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں۔