واشنگٹن (جیوڈیسک) پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ امیر ہیں، اتنی کہ شاید اُنھوں نے اپنے خوابوں میں بھی نہیں سوچا ہوگا۔
’فوربز‘ کی سالانہ فہرست کے مطابق، امریکی گلوکارہ اور نغمہ نگار 2016ء کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی فنکارہ قرار پائی ہیں، جن کی ملکیت کا اندازہ 17 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔ گذشتہ برس، سوئفٹ آٹھویں درجے پر فائز تھیں۔
گذشتہ سال سب سے زیادہ پیسے کمانے والوں میں باکسر فلائیڈ مے ویدر اور مانی پکایو تھے، جو سنہ 2015میں باکسنگ کی سب سے زیادہ آمدن والے کھلاڑی قرار پائے تھے۔
میگزین کے مطابق، 2016ءکے دوران چھ کروڑ ڈالر کی آمدن کے بعد سوئفٹ نے برطانوی بوائے بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دیگر پاپ اسٹارز میں ادیلے شامل ہیں جو آٹھ کروڑ 50 لاکھ کے معاوضے کے ساتھ نویں درجے پر ہیں؛ سات کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی آمدن کے ساتھ درجہ بندی میں میڈونا ریحانہ سے اوپر چلی گئی ہیں، جنھوں نے سال میں سات کروڑ 50 لاکھ ڈالر کمائے۔ ادھر، کیٹی پیری کی دولت چار کروڑ 10 لاکھ ہے، جس کے باعث وہ محض 63واں درجہ حاصل کرسکیں ہیں۔
ریلٹی ٹیلی ویژن اسٹار کِم کرادشیاں جن کی تصویر رسالے کے کور پر چھپی ہوئی ہے، پانچ کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ملکیت کے ساتھ 42 ویں درجے پر آسکے، جس میں سے 40 فی صد کمائی اُن کے موبائل گیم ’کِم کرادشیاں: ہالی ووڈ‘ سے حاصل ہوئی۔
بتایا جاتا ہے کہ سوئفٹ اپنے موبائل گیم کا افتتاح اگلے سال کریں گی۔