پیرمحل (نامہ نگار) عبدالستار ایدھی ملک کا اثاثہ تھے اور ان کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فلاحی اور سماجی خدمت کے باعث پاکستان کو دنیا میں جو مقام ملا ہے وہ کوئی اور شخصیات نہیں دلا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمد نجیب اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل نے ہمراہ طارق جاوید کمبوہ چیف آفیسر ، چوہدری منظر حفیظ تحصیلدار پیرمحل نان تحصیل ہیڈکوآرٹر پیرمحل کے زیر اہتمام عبدالستار ایدھی کے ایصال ثواب کے لیے دعاء مغفرت قرآن خوانی کی محفل کے شر کاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا محسن پاکستان عبدالستار ایدھی نے بلا امتیاز ،رنگ و نسل ، مذہب ومسالک مخلوق خدا کی خدمت کی ۔وہ پاکستان کے غریب لوگوں کے لیے مسیحا تھے ایدھی صاحب نے خدمت انسانیت کی جو مثال قائم کر دی ہے وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی طارق جاوید کمبوہ چیف آفیسر نے کہا عبدالستار ایدھی نے ساری زندگی غریبوں کی غمگساری کی اور ان کی خدمت کی،لوگوں کا دکھ درد بانٹا دنیا بھر میں سماجی خدمت کی اس سے اعلیٰ مثال نہیں ملتی ۔عبدالستار ایدھی اور ان کے اہل خانہ کی دہائیوں پر محیط کاوشوں کے نتیجے میں ہزاروں غریب خاندان مستفید ہوئے ہیں۔ چوہدری منظر حفیظ تحصیلدا رپیرمحل نے کہا عبدالستار ایدھی کے انتقال سے قوم ایک عظیم مسیحا سے محروم ہوگئی ہے، پوری قوم اشکبار اور ہر دل غمزدہ ہے۔
خدمت کرنے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، مرحوم نے ہمیشہ انسانیت کی بلاتفریق رنگ و نسل اور خدمت کی ہے جس پر وطن عزیز کے ہر فرد کو فخر و ناز ہے۔وہ ملک و قوم کا عظیم سرمایہ تھے، الحاج قاری منظور احمد صفدر ایدھی مرحوم ایک ایسا گھنا درخت تھے جنہوں نے قوم کوسایہ دیااور ساری زندگی انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کر دی ۔ آج عبدالستارایدھی ہمارے درمیان نہیں رہے مگر وہ اور ان کی خدمت اور یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔اس موقع پر عبدالستار ایدھی کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی اس موقع پر چوہدری محمد اسلم ، شیخ محمد منور ، عاطف گجر ، محمد ارشد ٹیکس انسپکٹر ، عارف بھٹی ،انعام نومی سمیت کثیر تعداد میں لوگوںنے شرکت کی۔