انقرہ (جیوڈیسک) فرانس نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں اپنے سفارت خانے اور استنبول اور ازمیر میں قونصل خانوں کو سکیورٹی وجوہ کی بنا پر تاحکم ثانی بند کردیا ہے۔
فرانسیسی سفارت خانے نے بدھ کے ایک روز ایک بیان میں کہا ہے کہ 14 جولائی کو ہونے والی قومی دن کی تقریب بھی منسوخ کردی گئی ہے۔انقرہ میں سفارت خانے اور استنبول میں قونصل خانے کو بدھ 13 جولائی دوپہر ایک بجے سے بند کیا گیا ہے۔ان دونوں جگہوں کے علاوہ ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں واقع فرانسیسی قونصل خانے میں جمعرات کو باستیل ڈے کی تقریب منعقد ہونا تھی۔
استنبول میں فرانسیسی قونصل میروریل دومیناش نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ ان تینوں شہروں میں ہونے والی تقریبات کو سکیورٹی وجوہ کی بنا پر منسوخ کیا گیا ہے اور فرانس ترک حکام سے رابطے میں ہے۔
قبل ازیں استنبول میں قونصل خانے نے ترکی میں مقیم فرانسیسی شہریوں کو ای میل کے ذریعے ایک پیغام بھیجا تھا اور اس میں کہا تھا کہ ترکی میں جمعرات کو منعقد ہونے والی تقریبات کے موقع پر سنگین خطرے سے متعلق اطلاع موصول ہوئی ہے۔اس لیے ترک حکام سے رابطے کے بعد ان تقریبات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔