کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی شاہراہوں پر اور قریہ، قریہ عبدالستار ایدھی کی یادیں آپ کو نظر آئیں گی۔ ایسے انتظامات بہت تیزی سے جاری ہیں۔ اس کام میں پہل کی ہے ڈی ایچ اے نے۔ ڈیفنس سے منسلک ’بیچ ایونیو‘ کا نام تبدیل کرکے ’عبدالستار ایدھی روڈ‘ رکھ دیا گیا ہے اور اس کا باقاعدہ بورڈ بھی نصب کر دیا گیا ہے۔
ایدھی انفارمیشن سینٹر اور ڈی ایچ اے کے حکام کے مطابق، نام تبدیل کرنے کا مقصد عبدالستار ایدھی کی خدمات کا اعتراف ہے جو انہوں نے 50 سال سے بھی زیادہ مدت تک جاری رکھیں۔ جمعرات سے ایک نئے نام کے ساتھ معرض وجود میں آنے والا ’عبدالستار ایدھی روڈ‘ پانچ کلومیڑ طویل ہے۔ یہ خیابان اتحاد سے شروع ہو کر ’دودریا‘ پر ختم ہوتا ہے۔
’یونیورسٹی روڈ‘ کا بھی نام تبدیل ہوجائے گا کراچی سینٹرل کا مشہور ترین ’یونیورسٹی روڈ‘ بھی ایدھی کےنام سے منسوب کرنے کی تجویز پیش کردی گئی ہے۔ حکومت سندھ کو 12 جولائی کو لکھے گئے خط میں ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) سید ناصر عباس نے یونیورسٹی روڈ، کلفٹن کی ایک سڑک اور ایک پارک کا نام تبدیل کرکے ایدھی کے نام پر رکھنے اور ایک یادگار تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
یونیورسٹی روڈ، ایم ایم عالم روڈ کے انٹرسیکشن سے شروع ہوتی ہے جو نیپا، حسن اسکوائر، جیل روڈ، مزار قائد، لائنز ایریا روڈ، ایمپریس مارکیٹ اور صدر سے ہوتی ہوئی عبداللہ ہارون انٹرسیکشن پر ختم ہوتی ہے۔
کلفٹن کی شاہراہ
کے ڈی اے اسکیم فائیو کلفٹن میں خیابان شمشیر سے کلفٹن بلاک ون میں کے پی ٹی وال تک جانے والی بیچ ایونیو کو بھی عبدالستار ایدھی روڈ بنانے کی تجویز دی گئی۔
کے ڈی اے اسکیم فائیو کا پارک
کے ڈی اے اسکیم فائیو میں ہی قائم بیچ ایونیو پارک کا نام بھی تبدیل کرنے کی تجویز ہے جبکہ بیچ پارک کے چوراہے پرعبدالستار ایدھی کی یادگارتعمیرکی جائے گی۔
کراچی میں نئی یونیورسٹی اور
ادھر سندھ اسمبلی میں عبدالستار ایدھی کے نام سے کراچی میں ہی ایک یونیورسٹی قائم کرنے اور سندھ کے تمام ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں اس کے کیمپس بنانے کی قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔
اسلام آباد ائیرپورٹ، قذافی اور نیشنل اسٹیڈیم بھی ایدھی کے نام
دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اسلام آباد ائیرپورٹ کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جبکہ اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو بھی تبدیل کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔