کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے بڑھتے ہوئے مظالم اور کشمیریوں کیلئے جنت نظیر وادی کو جہنم بنانے کی بھارتی سازش کیخلاف ہزہائی نیس سر نواب مہابت خان رائل فیملی فا ¶نڈیشن و ٹرسٹ کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان ” کشمیر و جونا گڑھ کی آزادی کیلئے ہمارا فریضہ “منعقد کیا گیا جس میں جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانیوں کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہز ہائی نیس سر نواب مہابت خان رائل فیملی فا ¶نڈیشن و ٹرسٹ کے چیئرمین نوابزادہ غلا م محمد خان ‘ جونا گڑھ تھنکرز فورم کی چیئر پرسن بیگم شاہ بانو اور جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے الیکشن کمشنر امیر پٹی نے کہا کہ مہذب دنیا کو اب یہ جان لینا چاہئے کہ بھارت توسیع پسنددانہ عزائم کی تکمیل کیلئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔
اگر مہذب دنیا نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں استصواب رائے کراکر کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق آزادی نہیں دلائی توکشمیریوں کا لہو امن کے ان نام نہاد ٹھیکیداروں کے سر ہوگا جو امن کے نام پر مسلم ممالک پر قبضے کی سازش کررہے ہیں جبکہ یہ بھی حقیقت ہے کہ کشمیر کی طرح جونا گڑھ پر بھی بھارت نے قبضہ کررکھا ہے۔
جبکہ جونا گڑھ حقیقی معنوں میں پاکستان کا حصہ ہے کیونکہ جونا گڑھ کے نواب ہز ہائی نیس سر نواب مہابت خان نے جونا گڑھ کے پاکستان سے الحاق کا با ضابطہ اعلان کیا تھا اسلئے جونا گڑھ کے پاکستان سے الحاق کی ذمہ داری بھی اقوام متحدہ پر عائد ہوتی ہے۔