کراچی (جیوڈیسک) مرکزی بنک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بنک اشرف وتھرا کا کہنا تھا کہ عبد الستار ایدھی کا یادگاری سکہ جاری کرنے کے لئے حکومت سے درخواست کی تھی جو کہ منظور کر لی گئی ہے۔
اس موقع پر فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب اپنا مشن چھوڑ گئے ہیں، ان کی وفات پر پوری دنیا کے لوگوں نے رابطہ کیا، ایدھی صاحب دنیا بھر کے غریب عوام کی خدمت کرنا چاہتے تھے۔ گورنر اسٹیٹ بنک اشرف وتھرا کا عبد الستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایدھی صاحب کی غریب اور مستحق افراد کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، یہ لوگوں کا اعتماد ہی تھا کہ لوگ ایدھی صاحب کو کروڑوں روپے کے عطیات دیتے تھے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ عبد الستار ایدھی صاحب کی لازوال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 50 روپے کا اعزازی سکہ جاری کیا جا رہا ہے۔