واشنگٹن (جیوڈیسک) بالی وڈ سٹار سلمان خان باکس آفس پر کرڑوں روپے کا بزنس کرنے والے فلم سلطان کے پروموشن کے دوران ایک متنازع بیان پر تنازعات کے بعد میڈیا سے کافی حد تک دور تھے لیکن ریلیز کے بعد 220 کروڑ کی کامیابی نے سلمان خان کو میڈیا پر آنے پر مجبور کر دیا۔
سلمان خان نے تقریباً 20 صحافیوں کو ممبئی کے قریب اپنے فارم ہاؤس آنے کی دعوت دی۔ میڈیا کے نمائندوں سے اس ملاقات میں سلمان کافی افسردہ اور بجھے ہوئے نظر آئے۔
ایک صحافی نے فلم ریلیز سے پہلے ہوئے تنازعہ پر سوال پوچھا تو سلمان خان نے لمبی سانس لی اور کہا کہ ’ کیا میں ایسا کچھ کہہ دوں کے آپ کے دو ہفتے آرام سے گزر جائیں۔ وہ بات آپ کو اچھی بھی لگے گی لیکن اس سے میرے قرینی افراد کو تکلیف ہو گی۔‘
سلمان خان نے کہا کہ ’اگر میں کچھ ایسا ویسا کچھ نہیں کہتا تو میں بورنگ ہوں. اب آپ فیصلہ کریں کہ مجھے کچھ کہنا چاہیے یا نہیں؟‘ سلمان کی آنکھوں میں غصہ، مایوسی اور تنازعات سے ہونے والی پریشانی صاف جھلک جھلک رہی تھی۔
سلمان خان نے میڈیا سے اپنی ناراضی کا اظہار کرتہ ہوئے کہا کہ ’میں جو بھی کہوں آپ وہی لکھیں گے جو آپ نے سوچا ہے۔
کتنی بار بیانات کو توڑ مروڑ کے پیش کیا جاتا ہے جو بہت افسوسناک ہے۔‘
سلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے والد کو اپنی فلموں کا سب سے بڑا ناقد سمجھتے ہیں۔
سلمان کے مطابق ’اگر فلم بری ہوتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ابھی سو جاؤ اگلی فلم پر محنت کرنا۔‘
سلمان نے کہا کہ وہ اپنے زندگی پر کسی کو فلم بنانے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ اپنی زندگی کی پوری حقیقت سے اُن کے علاوہ کوئی اور پوری طرح واقف نہیں ہو سکتا۔
سلمان کے خیال میں اُن کی ’میری زندگی بوریت سے بھری ہوئی ہے اور ایسی زندگی پر فلم نہیں بنتی۔‘
باڈی گارڈ، کک، بجرنگی بھائی جان اور سلطان جیسی مسلسل ہٹ فلمیں دینے والے باکس آفس کے سلطان سلمان خان نے ایسا وقت بھی دیکھا ہے جب ان کی فلمیں مسلسل باکس آفس پر فلاپ ہو رہی تھیں۔
عامر خان نے حال ہی میں اپنی فلم دنگل کے پوسٹر لانچنگ میں کہا کہ سلمان خان ان سے بڑے سٹار ہیں۔
سلمان خان نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ وہ عامر خان کی بات سے بالکل اتفاق کرتے ہیں۔
حویلی نما فام ہاؤس پر آرام کرنے والے سلمان خان جلد ہی کبیر خان کی فلم ٹیوب لائٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہو جائیں گے جو آئندہ سال عید پر ریلیز ہو گی۔