استنبول (جیوڈیسک) مسافروں کا کہنا ہے کٹھن حالات تھے اپنی سر زمین پر پہنچ کر تحفظ اور اطمینان محسوس کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز ترکی میں فوجی بغاوت کے بعد سینکڑوں پاکستانی بھی ترکی کے مختلف شہروں میں محصور ہو گئے تھے، حالات معمول پر آنے کے بعد پہلی فلائٹ کے ذریعے آج صبح 140 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔
مسافروں میں دوسرے ممالک سے سیر و تفریح کے لئے ترکی جانے والے بھی شامل ہیں جو فضائی آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے ائیر پورٹ پر محصور ہوگئے تھے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ترکی میں افراتفری کا عالم تھا۔ استنبول ایئرپورٹ پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے جو فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنتے ہی جان بچانے کے لئے بھاگتے رہے۔
ترکی سے مختلف پروازوں کے ذریعے مزید پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ ابھی جاری ہے ۔ استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے سے پروازون کا سلسلہ باقاعودگی سے شروع کردیا گیا ہے اور منسوخ شدہ فلائٹس کو ری شیڈول کیا جا رہا ہے۔