کراچی : جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف بے بنیاد اور یکطرفہ خبر شائع کرکے ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے پر پاکستان کے انگریزی اخبار ،”ایکسپریس ٹریبیون“ کو قانونی نوٹس جاری کردیا گیا شائع ہونے والی خبر میں سابق صدر کے نام کے ساتھ سوئس بینک اکاﺅنٹس اور ان میں موجود خطیررقوم منسوب کرکے انہیں دنیا بھر میں بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
نوٹس میں اخبار کی انتظامیہ سے کہاگیا کہ اگر14دن کے اندر متعلقہ خبر کو اخبار کی ویب سائٹ سے ہٹا کر غیرمشروط معافی نامہ شائع نہ کیاگیا تو اخبار کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
نوٹس جنرل(ر)پرویز مشرف کے برطانیہ میں موجود قانونی مشیر بیرسٹر افتخار احمد کی طرف سے جاری کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ سے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ،سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل(ر)پرویز مشرف کے خلاف مختلف اخبارات میں بے بنیاد اور من گھڑت غیر ملکی بینک اکاﺅنٹس اور ان میں موجود بھاری رقوم ان کے نام سے منسوب کر کے ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
کچھ اخبارات جنرل(ر)پرویز مشرف کی طرف سے ان خبروں کی باربار تردید کے باوجود اس مشن پر سرگرم عمل ہیں۔تاہم جنرل(ر)پرویز مشرف نے اب اپنے خلاف ہونے والے بے بنیاد پروپیگنڈے سے قانونی طور پر نمٹنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس حوالے سے 2جولائی کو پاکستان کے انگریزی اخبار ایکسپریس ٹریبیون میں شائع ہونے والی خبر جس میں جنرل(ر)پرویز مشرف کے نام کے ساتھ سوئس بینک اکاﺅنٹ جس میں ڈالروں کی صورت میں خطیررقم منسوب کر کے ان کی ساکھ کو دنیا بھر میں نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی،پر اخبار کی انتظامیہ کو قانونی نوٹس ارسال کردیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر) پرویز مشرف جو سابق صدر پاکستان اورپاک فوج کے سابق سربراہ بھی ہیں ،بہترین قومی خدمات اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ اچھے تعلقات کی بناپر اپنا ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ان کی فہم و فراست کی بنا پر دنیا بھر میں انہیں سرفہرست کے مقررین میں شمارکیاجاتا ہے۔دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے طلباءاور دیگر لوگوں نے ان کے لیکچرز سے استفادہ حاصل کیاہے۔مذکورہ اخبار نے یکطرفہ طور پر ان کے خلاف جھوٹ پر مبنی خبر شائع کر کے دنیا بھر میں ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
نوٹس میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ 14دن کے اندر اخبار کی ویب سائٹ سے متعلقہ مواد ہٹا کر غیر مشروط معافی نامہ شائع کیاجائے بصورت دیگر اخبار کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاک فوج اور جنرل(ر)پرویز مشرف کو بدنام کرنے کے لئے مہم چلائی جارہی ہے۔
جنرل(ر)پرویز مشرف پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم ہیں اور اب انہیں مالی طور پر بداعنوان ظاہر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر جنرل(ر) پرویزمشرف نے کرپشن کی ہوتی تو ان کے بعد آنے والی دونوں حکومتوں نے ان کے خلاف یہ مقدمات بھی درج کروانے تھے۔ پوری تحقیق کے باوجود بعد میں آنے والی حکومتیں ان کی طرف سے ایک روپے کی بھی کرپشن کا ثبوت حاصل نہ کرسکیں۔
ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ اب ہم مزید خاموش نہیں بیٹھیں گے اور جنرل(ر)پرویز مشرف کو بدنام کرنے کی ہر سازش کا قانونی طور پر مقابلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل(ر)پرویز مشرف کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ بند ہونا چاہئےے۔اب ان کے خلاف اگر کہیں بھی بے بنیاد خبر شائع ہو گی تو ہم اس ادارے اور رپورٹر کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے۔