کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور شدت پسندی کسی مذہب کی تعلیمات نہیں بلکہ ایک بیماری ہے جس کا شکار ہر مذہب ‘ ہر رنگ ‘ ہر نسل کے افراد ہیں اورشدت پسندی و دہشتگردی کی بیماری کا شکار ان محدود افراد نے دنیا کا امن برباد کردیا ہے۔
ہر مذہب ‘ ہر رنگ ‘ ہر نسل اور ہر طبقہ و ہر فکر کے لوگ ان کے نشانے پر ہیں اسلئے ان کی بر بریت سے انسانیت کو محفوظ رکھنے کیلئے دنیا کے ہر کونے سے ان کا خاتمہ و صفایا ہونا چاہئے ۔مگر دہشت گردی کے ناسور کو یقیناً عالمی برادری کے وسیع تر اتحاد کے نشتر کے ذریعے ہی جڑوں سے اکھاڑ پھینکا جا سکتا ہے‘امریکہ نے اگر انسانیت کے دشمنوں کے خاتمے کے لیے 60 ملکی اتحاد بنایا ہے تو یہ اتحاد انہی ممالک تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ آج دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے۔ اس لیے وسیع تر اتحاد ممکن ہے۔
بڑی طاقتوں کے اپنے اپنے مفادات ہو سکتے ہیں۔ ان کے مابین اختلافات بھی ہیں مگر دہشت گردی سب کے لیے یکساں ودہکتا ہوا مسئلہ ہے۔ دنیا دہشت گردی کے یک نکاتی ایجنڈے یر یکسو ہو کر اس سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف متحد کرنے لیے امریکہ اور چین ہی کو کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔ عالمی برادری دہشگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنے کیلئے مشترکہ کارروائی کرے ، تمام ممالک کو مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا چاہئے تا کہ دنیا کو حقیقی طورپر کھلی اور محفوظ سوسائٹی بنایا جاسکے۔