بنگلہ دیش (جیوڈیسک) طارق بنگلہ دیش کی نیشنلسٹ پارٹی کے سینیئر وائس چیئرمین ہیں اور 2008 سے لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے حزب مخالف کی رہنما اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے بیٹے کو ’منی لانڈرنگ‘ کے جرم میں سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق طارق الرحمان کے خلاف یہ فیصلہ دو رکنی بینچ نے سنایا۔
طارق الرحمان خود بھی حزب مخالف کے ایک اہم رہنما ہیں۔ عدالت کی طرف سے طارق الرحمان کو 25 لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی ہے۔ طارق بنگلہ دیش کی نیشنلسٹ پارٹی کے سینیئر وائس چیئرمین ہیں اور 2008 سے لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
طبی وجوہات کی بنیاد پر عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد وہ 2008ء میں برطانیہ چلے گئے تھے۔ اُنھیں 2007 میں گرفتار کیا گیا تھا اور اُنھیں بدعنوانی سے متعلق مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔
عدالت نے حکام سے کہا ہے کہ وہ طارق الرحمان کو برطانیہ سے واپس لانے کے لیے اقدامات کرے۔بنگلہ دیش میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد اور حزب مخالف کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے درمیان اختلافات میں مسلسل شدت آتی جا رہی ہے۔
شیخ حسینہ واجد کے دور اقتدار میں خالدہ ضیا کی جماعت کے کئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بنائے گئے۔