اسلام آباد (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی۔ ایوان نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں ممنوعہ اور مہلک ہتھیاروں کا استعمال رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت اجلاس میں قرار داد راجہ ظفرالحق نے پیش کی ۔ قرار داد میں مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔
قرار داد میں برہان الدین وانی اور دیگر مظلوم کشمیریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ قرار داد میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی جارحیت سے 50 سے زائد افراد شہید ، 3500 سے زائد زخمی اور 150 سے زائد بینائی سے محروم ہوئے ، مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے باعث انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں ممنوعہ اور مہلک ہتھیاروں کا استعمال روکا جائے ، قرار داد میں اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی گئی۔