کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کراچی میں اسکولوں کی تعطیلات کے آخری دن کراچی چڑیا گھر میں خواتین اور بچوں کا شدید رش رہا اس موقع پر کراچی چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے 5سو سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے بھی پلائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں اسکولوں کی تعطیلات کے آخری دن خواتین اور بچوں کا غیر معمولی رش رہا 30ہزار سے زائد خواتین اور بچوں نے اپنی فیملیز کے ہمراہ کراچی چڑیا گھر میں مختلف چرند و پرند کے ساتھ وقت گزارا جبکہ سفید شیر ،بن مانس ،مکائو ،ہاتھی کے ساتھ کشتی رانی کی بھی سیر سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
اس موقع پر کراچی چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے چڑیا گھر آنے والوں کے تحفظ کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے چاروں داخلی راستوں پر حفاظتی انتظامات کے ساتھ چڑیا گھر آنے والے بچوں کو پولیس سے بچائو کے قطرے پلانے کے لئے کیمپ لگا ئے گئے جس پر 5سو سے زائد بچوں کو پولیو کی ویکسین پلائے گئے۔
اس موقع پر چڑیا گھر میں مثالی انتظامات پر والدین نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ چڑیا گھر میں جھولوں سمیت تفریحی کے دیگر انتظامات کے اضافے پر انتظامیہ کی تعریف کی ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر فہیم خان کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو کراچی چڑیا گھر میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے گئے تھے۔
گارڈن پولیس اور رینجرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کراچی چڑیا گھر آنے والوں کو خصوصی حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا۔