اسلام آباد (جیوڈیسک) القاعدہ تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری نے جنگجوؤں پر زور دیا ہے کہ وہ مغربی باشندوں کو اغوا کر کے یرغمال بنائیں اور پھر سخت گیر گرفتار شدگان سے ان کا تبادلہ کریں۔
القاعدہ سربراہ کے بیان کا انکشاف انٹرنیٹ پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والی ایک ویب سائٹ “سائٹ” کی جانب سے کیا گیا ہے۔
الظواہری نے انٹرنیٹ پر جاری صوتی ریکارڈنگ میں دنیا بھر میں “ہر مسلمان اور ہر مجاہد” کے لیے پیغام دیا ہے کہ وہ مغربی باشندوں کو اغوا کریں “یہاں تک کہ صلیبیوں ، مرتد عناصر اور اسلام کے دشمنوں کی جیلوں میں قید آخری مسلمان مرد اور عورت کو آزاد کرا لیا جائے۔
آزاد ذرائع سے اس صوتی ریکارڈنگ کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ خیال ہے کہ الظواہری پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقے میں محفوظ پناہ گاہ کی تلاش میں کوشاں ہے جہاں طالبان کا رسوخ موجود ہے۔