موغادیشو (جیوڈیسک) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں دو بم دھماکوں میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ دھماکے موغادیشو میں ہوائی اڈے کے مرکزی داخلے دروازے کے قریب ہوئے۔ واضح رہے کہ اسی راستے کو افریقن یونین کی امن فورس بھی اپنی ایک تنصیت تک آمد و رفت کے لیے استعمال کرتی ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق کم از کم ایک بم دھماکا چوکی کے قریب گاڑی میں نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے مرنے والوں میں چوکی پر تعینات سکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔
صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشاب کے جنگجو سرگرم ہیں، اس تنظیم کے القاعدہ سے بھی رابطے ہیں اور یہ ملک میں کئی مہلک حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکی ہے۔
اگرچہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں الشباب کو ملک کے کئی حصوں سے باہر دھکیل دیا گیا تھا لیکن اب بھی اس گروہ کے جنگجو ملک میں حملے کرتے آ رہے ہیں۔
حال ہی اس تنظیم نے ملک کی سیکورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ ہوٹلوں کو بھی نشانہ بنایا۔