مہمند ایجنسی : تحصیل خویزئی میں عمائدین اور علماء کی کوششوں سے 30 سالہ دشمنی کا خاتمہ۔ آئندہ کے لئے بھائی چارے کے ساتھ رہنے کا عزم۔ جدید اور ازمائشی دور آپس کے اختلافات اور دشمنیاں ختم کرنا ناگزیر ہے، مقررین کا خطاب۔
تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی کے تحصیل خویزئی سم غاخی میں قاری امیر نواز اور امروز خان کے خاندانوں کے درمیان گزشتہ تیس سال سے قتل مقاتلے کی دشمنی چلی آرہی تھی۔ جس میں امیر نواز فریق سے عبدالمالک قتل ہواتھا۔ جبکہ رواج کے مطابق امروز خان کا خاندان تیس سال تک علاقہ بدر رہا۔
گزشتہ روز علاقے کے قومی مشران ملک فیاض خویزئی، ملک زرولی خان، ملک گل محمد، ملک ناصر خان اور مقامی علماء کرام مولانا فضل معبود صاحب حق اور مولانا بسم اللہ کی جاری کوششیں رنگ لے آئی ۔ جرگے اور سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں دونوں فریقین ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے اور مقتول کے خاندان نے فی سبیل اللہ امروز خان کو معاف کرنے کا اعلان کیا۔
دونوں فریقین نے آئندہ کے لئے بھائی چارے کے ساتھ رہنے کا عہد کیا۔ اس موقعہ پر ملک فیاض اور مولانا فضل معبود نے خطاب کرتے ہوئے راضی نامے اور دشمنی کے خاتمے کے لئے تعاون پر فریقین اور جرگہ ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ جدید مگر آزمائشی دور میں آپس کے اختلافات اور دشمنیاں ختم کرنا بہت ضروری ہے۔
آخر میں علاقائی امن ، ملک اور امت مسلمہ کی مشکلات ختم ہونے اور اتفاق و اتحاد کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔