بدین (عمران عباس) بدین سول جج نے پولیس چوکی پر کھڑے پولیس اہلکاروں کو اپنی کار سے اڑادیا، زخمی دو پولیس اہلکاروں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ، جج موقع سے فرار، کار کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا جس کے اندر سے شراب کی بوتلیں اور دیگر منشیات برآمد۔
بدین شہر میں حیدرآباد جانے والے راستے پر قائم پولیس چوکی سے گذرنے والی سرکاری نمبر پلیٹ والی صفید رنگ کی کارنے بنا رکے وہاں پر کھڑے پولیس اہلکاروںکو ٹکر ماردی، ٹکر کے باعث دو پولیس اہلکار منیر میندھرو اور رزاق ملاح شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیئے سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔
ٹکر مارنے کے بعد وہ کار وہاں پر موجود ایک کھمبے سے ٹکراگئی جس کے باعث کار کی ونڈ اسکرین بھی ٹوٹ گئی ، بدین پولیس کے ایس ایچ او ابراھیم جتوئی کے مطابق سرکاری نمبر پلیٹ والی کار سول جج منیر خاصخیلی کی ہے جو کار کو خود ڈرائیو کررہا تھا اور اہلکاروں کو ٹکر مارنے کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا۔
کار کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا جس کے اندر سے شراب کی خالی بوتلیں اور دیگر منشیاب بھی برآمد ہوئی ہے، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سول جج منیر خاصخیلی نشے کی حالت میں تھا جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے سول جج منیر کے بھائی اور بیٹے کو اپنی حراست میں لے لیا ہے جبکہ منیر کی گرفتاری کے لیئے پولیس ٹیمیں روانا ہوگئیں ہیں۔۔