کوٹلی (نمائندہ خصوصی) کرنل (ر) مشتاق احمد بٹ ممبر مرکزی کونسل پاکستان مسلم لیگ ‘ ن’ آزاد کشمیر سے بہتر کوٹلی آزاد کشمیر کے معاملات کو اور کوئی نہیں سمجھ سکتا ۔ ہمیں کوٹلی شہر کے لئے ان ہی جیسے با کردار اور اصول پسندسماجی و سیاسی رہنما کی ضرورت ہے جو اس شہر کی خوبصورتی کو واپس لا سکے اور شہریوں کو جدید سہولیات مہیا کر سکے۔
مشتاق احمد بٹ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کوٹلی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے بھی اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ انہوں نے ساری زندگی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔
گزشتہ چیئرمین بلدیہ نے کوٹلی شہر کے ساتھ جو سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا عوام کے سامنے ہے کوٹلی کی موجودہ حالت کے ذمہ دار نا اہل چیئر مین بلدیہ ہیں جنہوں نے اخبارات میں بے شمار ترقی کی منازل طے کیں اور کوٹلی کی عوام کومسلسل بیوقوف بنایا لیکن حقیقت اس کے باالکل برعکس ہے۔
کوٹلی شہر گندگی کا ڈھیر بنتا جا رہا ہے ہر جگہ غلاظت بکھری ہے بازاروں کے عین وسط میں کھلے مین ہول عوام کے لئے مختلف بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں نکاسی کا نظام انتہائی ناقص ہے ذرا سی بارش کوٹلی کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں کو گند سے بھری ندی نالوں میں تبدیل کر دیتی ہے جس سے عوام بیحد پریشان ہیں ، بنیادی صحت کے مراکز میں بھی صفائی کا کوئی خاص انتظام نہیں سکولوں کی حالت زار بھی کوٹلی کی عوام کے سامنے ہے۔
عوام کو پینے کا صاف پانی ملنا بھی دوبر ہو چکا ہے ۔ کوٹلی کومسلسل نذرانداز کیا گیا اسی لئے آج کوٹلی شہر کے محرومیوں کا شکار ہو چکا ہے ۔ سوشل میڈیا پر کوٹلی سے متعلق آئے روز کوئی نہ کوئی پوسٹ لگی ہوتی ہے جس سے بیرون ممالک بسنے والے کوٹلینز بخوبی واقف ہیں اور گاہے بگاہے اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
اگر اب بھی بہتر حل تلاش نہ کیا گیا تو کوٹلی کا یہ خوبصورت شہر کھندرات کی شکل اختیار کر لے گا ۔ ہمیں اپنے شہر کی رنگینیوں کو واپس لانا ہے اور اس کے لئے مشتاق احمد بٹ کو ایڈمنسٹریٹر بلدیہ تعینات کر کے کوٹلی کی عوام کی محرمیوں کا تدارک کیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار کوٹلی آزاد کشمیر کی کاروباری شخصیات کی ترجمانی کرتے ہوئے توقیر لون نے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشتاق احمد بٹ گزشتہ دو دہائیوں سے ایک تعلیمی ادارہ کے ایڈمنسٹریٹر ہیں جس کو انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے کوٹلی کے صف اول کے تعلیمی اداروں میں لا کھڑا کر دیا ۔ ہمیں ان کے تجربہ سے بھرپور فائدہ ضرور اٹھانا چاہئے مشتاق احمد بٹ ہی کوٹلی کو ماڈل سٹی بنا سکتے ہیں۔