واشنگٹن (جیوڈیسک) حال ہی میں امریکا میں ایک پاکستانی نژاد مسلمان ہمایوں خان کی اپنی اہلیہ کے ہمراہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک جلسے کے دوران کی گئی تقریر، جس میں انہوں نے مخالف صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرامپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا نہ صرف امریکی حلقوں میں کافی مقبول ہوئی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہمایوں کے خطاب کی ویڈیو کو غیرمعمولی پذایرائی حاصل ہوئی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ہمایو خان کی تقریر کی فوٹیج انٹرنیٹ پر پوسٹ ہونے کے صرف چار گھنٹے کے اندر اندر اتنی مقبول ہوئی کہ اس کے ناظرین کی تعداد 3 ملین سے تجاوز کر گئی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستانی نژاد نو مسلم ہمایو خان نے ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’ٹرمپ تم نے امریکیوں کے لیے کون سی قربانی دی ہے۔ امریکا کے لیے ہم مسلمانوں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ میرا ایک جوان سال بیٹا 12 سال قبل امریکی فوج میں خدمات انجام دیتے ہوئے عراق کے محاذ جنگ پراپنے ساتھیوں کے دفاع میں مارا گیا تھا۔ کیا یہ قربانی امریکا کے لیے نہیں تھی‘۔ اس موقع پر ہمایوں خان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں ھیلری کلنٹن کی حمایت میں نکالے گئے جلوس کے موقع پر پاکستانی مسلمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ نےامریکا کا دستور پڑھا ہے۔ امریکی دستور کی ایک کاپی میرے ہاتھ میں ہے۔ مجھے خوشی ہو گی کہ آپ اس دستور کو پڑھیں۔ اس میں آزادی اور تمام لوگوں کے قانونی تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ میں ارلنگٹن کے قبرستان میں جاتا ہوں۔ اس قبرستان میں امریکا کے دفاع میں لڑتے ہوئے مارے جانے والے بہادر سپاہیوں کی قبریں ہیں۔ ان میں ہر رنگ، نسل اور مذہب کے سپاہی دفن ہیں‘۔
انہوں نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ’جناب ٹرمپ آپ اور آپ کے احباب میں سے کسی نے قربانی نہیں دی‘۔ خیال رہے کہ ہمایوں خان کا بیٹا سنہ 2004ء میں امریکا میں ایک فوجی اڈے کے مرکزی دروازے پر ہونے والے بم دھماکے میں مارا گیا تھا۔