ایرانی پاسداران انقلاب میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مندوب اور سرکردہ شیعہ عالم دین آیت اللہ علی سعید نے کہا ہے کہ ایران کے لیے شام میں تین امور سرخ لکیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ شام کی وحدت، بشارالاسد کی بقاء اور اہل بیت کے مزاروں کا دفاع سرخ لکیریں ہیں جنہیں پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسی ’فارس‘ کے مطابق سپریم لیڈر کے مندوب کا کہنا ہے کہ عراق بھی ایران کے لیے سرخ لکیر ہے۔ ہم عراق کو بھی تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ عراق میں اکثریت کی حکومت کے حامی ہیں اور اہل بیت سمیت عراق میں موجود تمام بزرگان کے مزاروں کا دفاع کریں گے۔
علامہ سعیدی نے حسب معمول امریکا اور مغرب کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکی ایران میں ولایت فقیہ کے نظام کی بساط لپیٹنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے جوہری پروگرام کی صلاحیت کچل کر ایران کو بے دست و پا کرنا چاہتا ہے۔