کراچی (اسٹاف رپورٹر) جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن اور اس میں شامل جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والی مختلف برادریوں کی نمائندہ جماعتوں اور جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے محب وطن پاکستانیوں کیلئے سر نواب مہابت خان کے نواسے نوابزادہ غلام محمد خان پر شر پسندوں کے حملے اور انہیں و ان کے اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بناکر ہراساں کئے جانے کی خبر انتہائی افسو س وتکلیف اور تشویش کا باعث ہے۔
کیونکہ نوابزادہ غلام محمد خان کا تعلق جونا گڑھ کی رائل فیملی سے ہے جس سے جونا گڑھ کے عوام انتہائی عقیدت و محبت کا رشتہ رکھتے ہیں جبکہ سر نواب مہابت خان رائل فیملی فا ¶نڈیشن و ٹرسٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے نوابزادہ غلام محمد خان کی کمیونٹی کیلئے انجام دی جانے والی سماجی خدمات انہیں جونا گڑھ کی عوام کے دلوں پر حکمرانی کا وصف بخشتی ہیں۔
اسلئے حکومت فی الفور نوابزادہ غلام محمد خان اور ان کے اہلخانہ پر تشدد کرنے والے شرپسندوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادے اور نوابزادہ غلام محمد خان کی رائل فیملی کو قائد اعظم اور مہابت خان کے درمیان طے پانے والے الحاق جونا گڑھ معاہدے کے تحت وہ آئینی سیکورٹی اور تحفظ فراہم کرے جو ان کا اور رائل فیملی کا استحقاق ہے۔
یہ بات جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم لودھی نے مصطفی خان ‘ عارف عرب ‘ محمد حنیف دربار ‘ عرفان فاروق اور جونا گڑھ فیڈریشن میں شامل مختلف برادریوں کے نمائندہ جماعتوں کے عہدیداران و سربراہان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں نوابزادہ غلام محمد خان اور ان کے اہلخانہ پر شر پسندانہ حملے کی مذمت اور انہیں مکمل سیکورٹی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہی۔!