کراچی (پ ر) حلال اور پاک مال سے کیا ہوا حج قبولیت کی پہلی سیڑھی پر ہوتا ہے۔ حج بیت اللہ کی توفیق رب تعالیٰ کا خاص انعام ہے، توبہ مغفرت اور جنت کا راستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالوحید نے جامع مسجد قبائ، بلاک 13 فیڈرل بی ایریا میں حجاج کرام کے لئے منعقدہ 3 روزہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ تربیت حج کا مقصد صرف طریقے سے آگاہی نہیں بلکہ حج کی اصل روح، ایمان کی پختگی اور شعوری آگاہی دینا ہے۔ حج کی عبادت بیک وقت مالی، روحانی درجات پر مبنی ہے۔ ارکان حج کی ادائیگی اور مقدس مقامات کی زیارت تحریک سے رشتہ جوڑتے ہوئے ایمان میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔
حج کی عبادت اپنے رب سے والہانہ محبت کے اظہار، قربانی، ایثار، سخت سفر، کوشش اور اپنے جان، مال اور اُس کی راہ میں جسمانی جدوجہد کا نام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حج کا اصل مقصد پیغام نہ صرف اپنے گناہوں کی معافی بلکہ زندگی کے ہر دائرے میں شریعت کا نفاذ اور اقامت دین کے لئے جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ بہت خوش قسمت ہوتے ہیں جنہیں حج کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔
انہوں نے دعا کی پروردگار ہم میں سے ہر فرد کواپنے اور اپنے محبوبۖ کے دربار میں حاضری کا موقع نصیب فرمائے اور حج کے اس اجتماع کی بدولت امت مسلمہ کو حقیقی اتحاد و اتفاق اور سربلندی عطا کرے۔اس موقع پر قرآن مرکز کی جانب سے حج کی تربیتی سی ڈی اور حج کی دعاؤں اور اہم معلومات پر مشتمل کتابچے بھی تقسیم کئے۔ پروگرام میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔