کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی ایکٹریس حمائمہ ملک خواتین کے تحفظ کے لئے حکومت پنجاب کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہوگئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین آزاد ہیں اور اب ان پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دراصل انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے خواتین کو ان کے حقوق سے آگاہی کے لئے ایک پبلک سروس میسیج دیا ہے۔ وہ کہتی ہیں ’میں کون ہوں؟ میں امن ہوں، خوب صورتی ہوں، اندرونی طاقت ہوں، اعتماد ہوں، میں اس ملک کی 55 فیصد آبادی ہوں، میں آج کی، کل کی اور ہمیشہ کی عورت ہوں، بس اب اور نہیں۔۔ خواتین کے خلاف تشدد روکیں۔‘
رواں برس کے ابتدائی مہینوں میں صوبہٴ پنجاب میں تحفظ خواتین بل منظور کیا گیا تھا جس کے تحت اب گھریلو تشدد کی شکار خاتون کو گھر سے بے دخل نہیں کیا جا سکے گا، جبکہ عدالتی حکم پر مرد ایسی خاتون کو تمام اخراجات ادا کرنے کا پابند ہو گا۔
بل کے تحت نان نفقہ کی ادائیگی سے انکار کی صورت میں عدالت مرد کی تنخواہ سے مقررہ رقم منہا کرانے کی مجاز ہوگی۔
حمائمہ ملک نے وی او اے سے تبادلہٴ خیال میں کہا کہ’’ویڈیو کا اصل مقصد خواتین کو با اختیار بنانا ہے، تاکہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا سکیں۔‘‘